روزانہ پانچ منٹ کی ورزش بلڈ پریشر کم کرسکتی ہے، تحقیق
نئی تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ پنے روزانہ کے معمولات میں صرف پانچ منٹ کی ورزش شامل کرنے سے آپ کا بلڈ پریشر کم ہو جاسکتا ہے اور اس سے دل کی بیماری کے امکانات کم ہو سکتے ہیں۔
یونیورسٹی کالج لندن (یو سی ایل) کے مطالعہ کے لیڈ مصنف جو بلڈجٹ نے کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ آپ کی جسمانی صلاحیت کیسی بھی ہو، بلڈ پریشر پر مثبت اثر ڈالنے میں زیادہ محنت اور دیر نہیں لگتی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ورزش سے متعلق جو چیز منفرد ہے وہ یہ ہے کہ اس میں مختلف چھوٹی چھوٹی جسمانی سرگرمیاں بھی شامل ہوسکتی ہیں جیسے سیڑھیاں چڑھنے سے لے کر ایک مختصر سائیکلنگ تک جن میں سے اکثر کو روزمرہ کے معمولات میں ضم کیا جا سکتا ہے۔
ٹیم نے اپنے نتائج کو جرنل سرکولیشن میں شائع کیا ہے۔ محققین کے مطابق ہائی بلڈ پریشر عالمی سطح پر تقریباً 1.3 ارب بالغ افراد کو متاثر کرتا ہے اور یہ فالج اور دیگر وجوہات کی وجہ سے جلد موت کی سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے۔