ادبی و ثقافتی رنگوں کی جھلک، استنبول میں چغتائی آرٹ ایوارڈز 2025 کی رنگا رنگ تقریب
استنبول میں چغتائی آرٹ ایوارڈز 2025 کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ترکیہ اور پاکستان کی اہم شخصیات سمیت طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
استنبول میں ’پاکستان ترکیہ: دو ریاستیں، ایک قوم‘ کے موضوع کے تحت چغتائی آرٹ ایوارڈز 2025 کی تقسیمِ انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ یہ ایوارڈز پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ اہتمام ہر سال ترکیہ کے مختلف شہروں میں منعقد کیے جاتے ہیں، جن کا مقصد نوجوانوں میں ثقافتی ہم آہنگی اور فنونِ لطیفہ کے فروغ کو بڑھانا ہے۔
تقریب میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جُنیِد، نائب گورنر استنبول مہمت سلون، نائب میئر فاتیح حسن دورہات، صوبائی ڈائریکٹر برائے تعلیم ڈاکٹر مراد موچاہت ینتور، ترک وزارتِ تعلیم، قونصلیٹ پاکستان، طلبہ، اساتذہ اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔
انعامات کی تقسیم کے دوران پہلا انعام ایلیف زوہیلا آتائسین، دوسرا زینب اکن اور تیسرا ایلدہ یلڈان نے حاصل کیا جبکہ تین طالبات کو اعزازی اسناد بھی دی گئیں۔
قومی سفیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے کہا کہ فن لوگوں کو قریب لانے اور دلوں کو جوڑنے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ نائب گورنر استنبول مہمت سلون نے دونوں ممالک کے درمیان محنتی اور ٹیلنٹڈ نوجوانوں کے تبادلوں اور ثقافتی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔