آسکر پسٹوریس کیس کی سماعت ختم،11ستمبرکو فیصلہ سنایا جائے گا

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  ہفتہ 9 اگست 2014
آسکر پسٹوریس پر اپنی دوست کے قتل کے الزام میں مقدمہ زیر سماعتر ہے۔ فوٹو : اے ایف پی/ فائل

آسکر پسٹوریس پر اپنی دوست کے قتل کے الزام میں مقدمہ زیر سماعتر ہے۔ فوٹو : اے ایف پی/ فائل

پریٹوریا: جنوبی افریقا کے ایتھلیٹ آسکر پسٹوریس کے خلاف قتل کیس کا فیصلہ11ستمبر کو سنایا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق 5 ماہ تک وکلا کی ڈرامائی کارروائی کے بعد پیراولمپئن اور ’بلیڈ رنر‘ کی عرفیت سے مشہور ٹریک اسٹار آسکر پسٹوریس کے خلاف 5 ماہ سے جاری سماعت اختتام پذیر ہوگئی، جج تھوکوزیلے مسیپا نے کارروائی ختم کرتے ہوئے کہا کہ ہم فیصلے کے لئے 11 ستمبر کی صبح دوبارہ واپس آئیں گے۔ جج مسیپا اور ان کے 2 نائبین دونوں جانب سے وکلا کے دلائل کی صداقت اور پسٹوریس کے بیان کا جائزہ لیں گے۔

ایک ہفتے سے زائد جاری سوالات کے دوران رنر کو متعدد بار روتا ہوا دیکھا گیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک جیوری کی غیر موجودگی میں کیس کا مشکل مرحلہ یہ ہے کہ کیا مسیپا ان کے بیانات کو درست مانتیں یا رد کردیتی ہیں۔ نسلی امتیاز کے خاتمے پر وجود میں آنے والے جنوبی افریقہ میں جج منتخب ہونے والی دوسری سیاہ فام خاتون مسیپا کو ثبوتوں پر مشتمل 4 ہزار سے زائد صفحات کا تجزیہ کرنا ہوگا۔ گذشتہ روز پسٹوریس اور ریوا اسٹین کیمپ کے والد پہلی مرتبہ کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ قبل ازیں حتمی دلائل پیش کرتے ہوئے آسکر پسٹوریس کے وکیل صفائی بیری روکس نے کہاکہ ایتھلیٹ کی فطری جبلت کا آغاز اپنی دوست ریوا اسٹین کیمپ کے قتل سے ہوا کیونکہ وہ تنقید کا شکار اور خوف کی حالت میں تھے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ ’بلیڈ رنر‘ نے اپنی حفاظت کے لئے اسٹین کیمپ پر ٹوائلٹ کے بند دروازے سے فائرنگ کی تھی ، انھیں یقین تھا کہ گھر میں کوئی چور گھس آیا تھا، اس وجہ سے انھیں بری کردیا جائے۔ایک روز قبل وکیل استغاثہ گیری نیل نے پسٹوریس کو اسلحہ کا شوقین قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ انھوں نے جان بوجھ کر اسٹین کیمپ کو ٹوائلٹ کے بند دروازے سے 4 فائر کرکے قتل کیا، وہاں انھوں نے جھگڑے کے بعد پناہ لے رکھی تھی۔ وکیل صفائی نے اپنے دلائل میں کہا کہ نفسیاتی شواہد سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹریک اسٹار اپنی معذوری کے سبب فوری طور پر غصے میں آجاتے تھے۔ روکس کا یہ بھی کہنا تھا کہ استغاثہ نے اہم افراد کی جگہ پولیس سیمت صرف ایسے گواہوں کو پیش کیا جو ان کے نقطہ نظر کی تائید کررہے تھے ۔

جمعرات کو نیل نے کہا تھا کہ پسٹوریس نے جھوٹ کا پلندہ پیش کیا ہے، انھوں نے جج مسیپا سے ٹریک اسٹار کو دانستہ قاتل قرار دینے پر زور دیا جس پر انھیں تاحیات قید کی سزا کا سامنا ہے، قتل سے کم جرم کے ارتکاب پر انھیں 15 برس کی سزا ہوسکتی ہے۔ پسٹوریس پر دیگر تین الزامات بھی لگائے گئے، ان میں عوامی مقامات پر اسلحہ کی نمائش کے 2 اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا ایک الزام شامل ہے، وہ ان کی تردید کرتے رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔