عدلیہ کو پیغام ہے انصاف پر مبنی فیصلے کرے، وزیراعلیٰ کے پی، پشاور جلسے میں خطاب
وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عدلیہ کو پیغام دیتے ہیں کہ آئین کے مطابق انصاف پر مبنی فیصلے کرے آئین کی پاس داری اس ملک میں سب پر فرض ہے۔
پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جنگ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، آج ہم اس عدلیہ کو ہدایت کرتے ہیں کہ آپ انصاف کے مطابق فیصلے کریں، آئین کی پاس داری اس ملک میں سب پر فرض ہے، ہم نے آئین کے لیے آواز اٹھائی ہے اور اٹھاتے رہیں گے، اس ملک میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ساتھ جنگ میں بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ پوری قوم اکٹھی کھڑی ہے، خیبرپختونخوا کی حکومت آپریشن کے حق میں نہیں ہے۔
انہوں ںے مزید کہا کہ حقیقی آزادی عمران خان کا خواب ہے عدلیہ کو پیغام دیتے ہیں کہ آئین کے مطابق انصاف دے۔
دریں اثںا پنڈال میں موجود کارکنوں نے وزیراعلیٰ کے خلاف نعرے بازی شروع کردی اور ان کا خطاب سننے سے انکار کردیا، کارکنوں نے وزیراعلی کے خلاف احتجاج کیا، پنڈال میں بوتل پھینکنی شروع کردیں، نہیں نہیں کے نعرے لگائے تاہم اس کے باوجود وزیراعلی نے اپنا خطاب جاری رکھا۔
جلسے میں بدانتظامی جاری رہی اور کارکنان خواتین کے پنڈال میں گھس آئے، پولیس انہیں روکنے میں ناکام رہی جس پر خواتین پنڈال چھوڑ کر چلی گئیں۔
کرسیوں پر بیٹھے لوگوں سے حساب لیں گے، جنید اکبر
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ کے پی پہلے بھی پی ٹی آئی کا تھا آج بھی ہے، ہم بانی پی ٹی آئی کے لئے لوگوں کے ہاتھ کاٹ دیں گے، جو لوگ کرسیوں پر بیٹھیں ہیں ان سے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے جو خان کا وفادار نہیں ہوگا میں اس پر زمین تنگ کردوں گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کسی صورت آپریشن قبول نہیں۔
پنجاب میں سیلاب زدگان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، وقاص اکرم
پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی کے ساتھ ساتھ کون کھڑا ہے ہم دیکھ رہے ہیں، حکومت کٹھ پتلی ہے اور چوروں کی حکومت ہے، پنجاب میں سیلاب زدگان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، مریم نواز اتوار والے دن اسکول کے بچوں کو بلا کر اپنے حق میں بیان دلاواتی ہے
ملٹری آپریشن مسترد کرتے ہیں، صوبوں کے وسائل کسی کو نہیں دینے دیں گے، سلمان راجا
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ تین دن پہلے میں نے بانی پی آئی سے ملاقات کی، جیل میں بانی نے کہا کہ میں کبھی نہیں جھکوں گا، آج خیبرپختونخوا لہو لہان ہے، ملٹری آپریشن مسترد کرتے ہیں، صوبوں کے وسائل کسی کو نہیں دینے دیں گے۔
خواجہ آصف نے بے شرمی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے، عثمان ڈار
رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ میری ماں پنجاب میں پیدا ہوئی، دل پختون خوا میں دھڑکتا ہے، خواجہ آصف نے بے شرمی کے تمام ریکارڈ توڑے ہیں، یہ تمام کرسیوں کے پجاری ہیں۔
کسی صورت آپریشن نہیں چاہتےجنگوں سے تنگ آچکے ہیں، اسد قیصر
اسد قیصر نے کہا کہ کسی صورت صوبے میں آپریشن نہیں چاہتے، ہم جنگوں سے تنگ آچکے ہیں، ہم افغانستان کے ساتھ معاملات ٹھیک کرنے کے حامی ہیں، افغانستان کے ساتھ ہمارا امن و تجارت کا تعلق ہے، علی امین سے امید رکھتا ہوں کہ وہ وفاق کے ساتھ افغانستان کا معاملہ اٹھائیں گے، مریم نواز کو چیلنج ہے نیوٹرل ایمپائر کے ساتھ ساری پارٹیاں کرلیں پھر بھی الیکشن نہیں جیت سکیں گے اگر فری اینڈ فئیر الیکشن ہو تو۔
20 کروڑ عوام قیدی نمبر 804 کو چاہتے ہیں، بیرسٹر گوہر
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آٹھ فروری کا الیکشن چوری ہوا، ساری دنیا کہہ رہی ہے کہ 20 کروڑ عوام قیدی نمبر 804 کو چاہتے ہیں، انصاف کا حصول بہت مشکل ہوگیا ہے۔