کینیڈا میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی دھوم:اعلیٰ مصنوعات نے خریداروں کو متوجہ کرلیا
مسّی ساگا: کینیڈا میں پاکستانی ٹیکسٹائل کی دھوم مچ گئی، جہاں منعقدہ نمائش میں رکھی گئی اعلیٰ مصنوعات نے خریداروں کو متوجہ کرلیا۔
29 ستمبر سے یکم اکتوبر 2025ء تک کینیڈا میں ہونے والے اپیرل ٹیکسٹائل سورسنگ (ATS) شو 2025ء میں پاکستانی ٹیکسٹائل اور ملبوسات ساز اداروں نے اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی وسیع رینج پیش کی۔
ATS شو کینیڈا کا ایک بین الاقوامی تجارتی میلہ ہے جو شمالی امریکا، ایشیا اور دیگر خطوں سے شرکا کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ 2025ء کے اس ایڈیشن میں پاکستان، چین، بنگلا دیش، ویتنام، کینیڈا اور دیگر کئی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی، جس سے یہ نمائش عالمی سطح پر سورسنگ اور صنعت سے وابستہ افراد کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم بن گئی۔
پاکستانی نمائش کنندگان نے اسپورٹس ویئر، ٹیکنیکل ٹیکسٹائلز اور حفاظتی ملبوسات کی نمائش کی، جو ملک کی ویلیو ایڈڈ، ہائی پرفارمنس اور پائیدار ٹیکسٹائل مصنوعات میں بڑھتی ہوئی مہارت کو ظاہر کرتا ہے۔
3 روزہ نمائش کے دوران شرکا نے خریداروں اور صنعت سے وابستہ دیگر افراد سے حوصلہ افزا روابط قائم کیے اور بتایا کہ پچھلے سالوں کے مقابلے میں اس سال کا رسپانس خاصا بہتر رہا۔
اس موقع پر شمالی امریکا میں صنعت سے متعلق ابھرتے ہوئے رجحانات، بالخصوص پائیدار بنیادوں پر تیار کردہ ٹیکسٹائل کی بڑھتی ہوئی مانگ کے حوالے سے قیمتی معلومات بھی حاصل ہوئیں۔