13 سالہ گھریلو ملازمہ پر مالکان کا تشدد، گرم چمٹے سے جسم  جلایا، بال کاٹ دیے

پولیس نے نامزد ملزمان کو مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا، چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی متاثرہ بچی کے لواحقین سے فوری رابطے کی ہدایت

فیصل آباد:

 13 سالہ گھریلو ملازمہ پر مالکان نے بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے اس کے بال کاٹ دیے جب کہ کمسن بچی کا جسم بھی گرم چمٹے سے جلایا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فیصل آباد میں تھانہ سول لائن کےعلاقے میں 13 سالہ کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد  کا واقعہ پیش آیا، جس میں گھر کے مالک مالک حبیب سلیم اور اہلیہ صدف نے ملازمہ کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

سفاک ملزمان بچی کے جسم کو گرم چمٹے سے جلاتے رہے اور اس کے سرکے بال بھی کاٹ ڈالے۔ تھانہ سول لائن پولیس نے نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔

دوسری جانب چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے واقعے  کا نوٹس  لیتے ہوئے فیصل آباد کی ٹیم کو متاثرہ بچی اور لواحقین سے فوری رابطہ  کرنے کی ہدایت  کی ہے۔

سارہ احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ فیصل آباد میں 13سالہ کمسن گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ بچی کو مالکان نے تشدد کا نشانہ بنایا۔ ملزمان نے بچی کے جسم کو گرم چمٹے سے جھلسایا اور بال بھی کاٹ دیے۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد ملزمان کو گرفتار کر  لیا ہے۔ تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ کو مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

Load Next Story