نئی اداکارہ سے موازنہ کرنے پر علیزے شاہ کا ردعمل سامنے آگیا
صرف سولہ سال کی عمر میں پاکستان کی ڈرامہ انڈسٹری میں شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ علیزے شاہ نے حال ہی میں ان افواہوں پر ردِعمل دیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ نئی اداکارہ نذیبہ زینب، جو ڈرامہ جمع تقسیم میں ’سدرا‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں، ان کی بہن ہیں یا کیونکہ وہ ان سے مشابہت رکھتی ہیں۔
ان دنوں سوشل میڈیا پر کئی صارفین نذیبہ زینب کو علیزے شاہ کی ہم شکل قرار دے رہے ہیں اور دعویٰ کر رہے ہیں کہ وہ ان کی چھوٹی بہن ہیں تاہم اب علیزے نے ان افواہوں پر ردعمل کا اظہار کردیا۔
علیزے شاہ نے ایک ویڈیو بیان میں اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا، ’’میری کوئی بہن نہیں ہے، میرے گھر والوں کو معلوم تھا کہ وہ ایک وقت میں صرف ایک علیزے برداشت کر سکتے ہیں، اس لیے میں اکلوتی ہوں۔‘‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں افسوس ہوتا ہے جب نئے اور باصلاحیت فنکاروں کا موازنہ موجودہ مشہور شخصیات سے کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق ہر فنکار کی اپنی شناخت اور صلاحیت ہوتی ہے، اس لیے ان کی انفرادیت کو سراہا جانا چاہیے۔