پشاور؛ پی ٹی آئی تحصیل چیئرمین کے بھائی کو پولیس چوکی میں بدکلامی مہنگی پڑ گئی

گزشتہ روز پی ٹی آئی تحصیل متھرا کے چیئرمن کا بھائی فرمان ملزم کو چھڑوانے آیا

پشاور:

پشاور میں پی ٹی آئی تحصیل چیئرمین کے بھائی کو پولیس چوکی میں بدکلامی مہنگی پڑ گئی۔

مقامی سطح پر سیاسی اثر و رسوخ دکھانے کی کوشش، پی ٹی آئی تحصیل متھرا کے چیئرمین کے بھائی کو مہنگی پڑ گئی۔

متھرا پولیس نے کارِ سرکار میں مداخلت اور بدکلامی کے الزام میں فرمان نامی شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا جو کہ تحصیل متھرا میں پی ٹی آئی کا چیئرمین کا بھائی ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب چیئرمین کا بھائی مبینہ طور پر ایک زیرِ حراست شخص کو چھڑانے کے لیے متھرا پولیس چوکی پہنچا۔ موقع پر موجود اہلکاروں کے مطابق فرمان نے پہلے پولیس سے تلخ کلامی کی اور پھر مشتعل ہو کر چوکی کی دیوار کو نقصان پہنچایا۔

پولیس ترجمان کے مطابق، فرمان نے اہلکاروں کے ساتھ نازیبا زبان استعمال کی جس کے بعد اسے حراست میں لے کر حوالات منتقل کر دیا گیا۔ مقامی پی ٹی آئی چیئرمین کا بھائی اس ملزم کو چھڑوانے کے لیے چوکی آیا جس نے خاتون کے ساتھ چھیڑ خانی کی اور ویڈیوز سے خاتون کو بلیک میل کر رہا تھا جسے پولیس گرفتار کرکے چوکی لائی تاہم فرمان اس اقدام پر نالاں تھا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے کارِ سرکار میں مداخلت اور توڑ پھوڑ کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، خواہ اس کا سیاسی یا سماجی پس منظر کچھ بھی ہو۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Load Next Story