پاکستانی سفیر کی امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات، تعلقات کے فروغ پر گفتگو

فریقین میں پاک امریکا تعلقات کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کو زیادہ خوشحال و محفوظ بنانے پر تبادلہ خیال

واشنگٹن:

پاکستانی سفیر نے امریکی محکمہ خارجہ کے اعلیٰ عہدیدار سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق امریکی محکمۂ خارجہ کے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے اسسٹنٹ سیکرٹری ایس پال کپور سے پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے ملاقات کی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں ایس پال کپور نے  کہا کہ انہیں پاکستانی سفیر سے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں ملاقات کر کے خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فریقین نے پاک امریکا تعلقات کو آگے بڑھانے اور دونوں ممالک کو زیادہ خوشحال و محفوظ بنانے کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔

پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے بھی ملاقات کے بعد اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے اسسٹنٹ سیکریٹری پال کپور کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے بتایا کہ ملاقات میں قیادت کی سطح پر پاک امریکا تعلقات کو اقتصادی طور پر مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کرنے  پر بات چیت ہوئی۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ اس مقصد کے لیے باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں مسلسل رابطہ ضروری ہے۔

Load Next Story