ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے شوق نے 12 سالہ طالب علم کی جان لے لی

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا

مریدکے:

کالاشاہ کاکو کے علاقے رتہ گجراں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 12 سالہ طالب علم عبدالہادی اپنے والد کے پسٹل سے ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے گولی کا شکار ہوگیا۔

گولی لگنے کے نتیجے میں طالب علم کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔

پولیس کے مطابق عبدالہادی اپنے گھر کے اندر اپنے والد کے پسٹل سے ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا کہ اچانک پسٹل چل گیا جس سے گولی اس کے جسم میں لگ گئی۔

گولی کی آواز سن کر گھر والوں میں کہرام مچ گیا اور فوری طور پر عبدالہادی کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ دم توڑ گیا۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے طالب علم کی شناخت 12 سالہ عبدالہادی کے نام سے ہوئی ہے وہ اپنے خاندان کے ساتھ اپنے گھر میں موجود تھا جب یہ حادثہ پیش آیا۔

پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔

گھر والوں نے بتایا کہ عبدالہادی ویڈیو بنانے کے شوق میں والد کے پسٹل کو استعمال کر رہا تھا جس کے دوران پسٹل چل گیا اور یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔

Load Next Story