مودی نواز اینکر ارنب گوسوامی کا مسلمانوں کے خلاف زہریلا بیان، کشمیری رہنماؤں پر نفرت انگیز الزامات
نئی دہلی: بھارت کے متنازع اور مودی نواز اینکر ارنب گوسوامی ایک بار پھر کشمیری مسلمانوں اور سیاسی رہنماؤں کے خلاف نفرت انگیز بیانات دینے پر تنقید کی زد میں آ گئے۔
ریپبلک ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک پروگرام کے دوران ارنب گوسوامی نے کشمیری رہنماؤں پر سنگین الزامات عائد کیے اور اسلام مخالف بیانیہ اپنایا۔
پروگرام میں ارنب گوسوامی نے کہا کہ “بھارت کے تعلیم یافتہ مسلمان ملک دشمن ہیں، ملک میں ایک ’وائٹ کالر جہاد‘ جاری ہے، جس میں مسلمان بھارت کے خلاف سازشوں میں ملوث ہیں۔”
انہوں نے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ کو “منافق” قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ان پر کبھی بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔” مزید برآں انہوں نے محبوبہ مفتی اور دیگر کشمیری رہنماؤں کو “دھوکے باز” اور “فکری فراڈ” جیسے الفاظ سے نشانہ بنایا۔
ارنب نے ایک صحافی پر بھی طنز کیا اور کہا کہ “ایک خاص صحافی ہے جسے حافظ سعید کو صحافت کا آئیڈیل قرار دینے پر داد ملتی ہے۔”
تجزیہ کاروں کے مطابق، ارنب گوسوامی کے پروگرام میں بار بار “وائٹ کالر جہاد” جیسے الفاظ کا استعمال کشمیری مسلمانوں کے خلاف نفرت کے ایک منظم بیانیے کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ یہ رویہ نہ صرف صحافتی اقدار کی توہین ہے بلکہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف بڑھتی اسلاموفوبیا کو مزید تقویت دے رہا ہے۔