امریکا: عدالت میں کھانا جمع کرانے کے عوض ٹریفک چالان کے جرمانے میں کمی

اوکلاہوما کے شہر چیکاشا میں جرمانے میونسیپل کورٹ میں جلد خراب نہ ہونے والی غذا جمع کرا کے کم یا ختم کروائے جا سکتے ہیں

امریکا میں ایک میونسپل کورٹ اور لائبریری نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور کتب کی تاخیر سے واپسی جیسے معاملات میں عائد ہونے والے جرمانوں میں کمی یا خاتمے کے لیے غذا کے عطیے کی اجازت دے دی۔

تھینکس گیونگ آنے سے قبل امریکی ریاست اوکلاہوما کے شہر چیکاشا کے شہری اپنے جرمانے میونسیپل کورٹ میں جلد خراب نہ ہونے والی غذا جمع کرا کے کم یا ختم کروا سکتے ہیں۔

چیکاشا کا اپنی ویب سائٹ پر کہنا تھا کہ جلدی خراب نہ ہونے والی ہر غذائی شے عطیہ کرنے پر 10 ڈالر تک جرمانے میں کمی واقع ہوگی۔ تاہم، یہ سہولت فی فرد زیادہ سے زیادہ 100 ڈالر جرمانے تک میسر ہوگی۔

ویب سائٹ پر مزید یہ بھی کہا گیا کہ یہ اشیاء لازمی طور پر وہ افراد کورٹ میں جمع کرائیں گے جن پر جرمانہ عائد کیا گیا ہوگا تاکہ کریڈٹ موصول کیا جاسکے۔

Load Next Story