بنوں؛ امن کمیٹی کے دفتر پر فتنۃ الخوارج کے دہشتگردوں کا حملہ، 7افراد جاں بحق

مسلح افراد نے حملے میں امن کمیٹی کے سربراہ قاری جلیل کے دفتر کو نشانہ بنایا، پولیس

ڈیرہ اسماعیل خان:

بنوں کے علاقے ہوید دردڑیز میں امن کمیٹی کے دفتر پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کے حملے میں 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مسلح افراد نے حملے میں امن کمیٹی کے سربراہ قاری جلیل کے دفتر کو نشانہ بنایا، پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے۔

مقتولین میں دانش، کامران، ولی اللہ، سفیان، محمد نیاز، نعمان اور سفیان شامل ہیں۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں امن کمیٹی کے دفتر پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِ اعظم نے جاں بحق افراد کی بلندی درجات اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ذمہ داران کا تعین کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کر دی۔

انہوں نے کہا کہ امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایسی بزدلانہ کارروائیاں، فتنۃ الخوارج کے پاکستان میں بدامنی کے ناپاک عزائم کو بے نقاب کرتی ہیں، ایسی بزدلانہ کارروائیاں کسی قیمت پاکستانیوں کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتیں۔

وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے پوری قوم متحد ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں امن کمیٹی کے دفتر پر فتنۃ الخوارج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائی امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوشش ہے، فتنۃ الخوارج کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں عوام کے بلند حوصلے کو غیر متزلزل نہیں کر سکتیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم اور ریاست امن دشمنوں کے سامنے متحد کھڑی ہے۔

Load Next Story