چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم، جنرل ساحر شمشاد ذمےداریوں سے سبکدوش
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ ختم ہوگیا جب کہ جنرل ساحر شمشاد اپنی ذمے داریوں سے سبکدوش ہوگئے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے سبکدوش ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے الوداعی ملاقات کی۔
ملاقات میں وزیرِ اعظم نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک و قوم کے لیے خدمات کی تعریف کی۔
27ویں آئینی ترمیم کے بعد پاک فوج میں چیئرمین جوائنٹ چیفس اف اسٹاف کا عہدہ ختم کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا مسلح افواج کے18ویں اور آخری چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (CJCSC) ہوں گے جو 27 نومبر 2025ء کو اپنی ملازمت کی مقررہ مدت پوری کریں گے۔
آئین میں 27ویں ترمیم کے نتیجے میں، ان کے بعد کوئی CJCSC نامزد نہیں کیا جائے گا۔
پہلے CJCSC جنرل محمد شریف تھے جنہیں اس وقت کے وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے 1 مارچ 1976ء کو مقرر کیا تھا۔
ایڈمرل محمد شریف اور ایڈمرل افتخار احمد سروہی نیوی سے تھے جبکہ پاکستان ایئر فورس (PAF) سے صرف ایئر چیف مارشل فاروق فیروز خان نے بطور CJCSC خدمات انجام دیں۔
صدر سے ملاقات
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے صدر مملکت سے ایوان صدر میں الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر زرداری نے قومی دفاع کیلئے جنرل ساحر شمشاد مرزا کی خدمات کو سراہا، صدر مملکت کی جانب سے جنرل ساحر شمشاد مرزا کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔