پشاور؛ ایف سی ہیڈکوارٹر پر دہشتگردوں کے حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج
فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر گزشتہ روز ہونے والے دہشت گرد حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحت نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف ایس ایچ او عبداللہ جلال کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ 3 موٹرسائیکل سوار دہشت گردوں نے اچانک ایف سی ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا جن میں سے ایک حملہ آور نے مرکزی گیٹ پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جبکہ 2 دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے۔
ایف آئی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے جائے وقوع پر 27 سے زائد خول برآمد ہوئے جب کہ حملے کے نتیجے میں ملکی سالمیت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والے اس حملے میں 3 جوان شہید اور 11 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔