ایف سی ہیڈ کوارٹر حملے کی مکمل ویڈیو آگئی، دہشتگردوں کے چہرے منظرعام پر
ایف سی ہیڈ کوارٹر پر خودکش حملے کی تفصیلی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہو گئی۔
دہشت گردی کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں 3 خوارج کو ایک موٹر سائیکل پر سول کوارٹرز کی طرف سے آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تینوں دہشت گرد رواں ٹریفک کی الٹی طرف سے اپنے ہدف کی طرف بڑھتے رہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تینوں دہشت گردوں نے ٹوپیاں پہن رکھی ہیں اور چادریں اوڑھ رکھی ہیں، جس سے انہوں نے کافی حد تک اپنے چہرے چھپا رکھے ہیں۔ اسی اثنا میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز چوک کے قریب ایک دہشت گرد موٹرسائیکل سے اتر گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق دہشت گرد کچھ دیر آپس میں بات چیت کرتے ہیں اور ایک دہشت گرد آگے بڑھ جاتا ہے۔ دیگر 2 دہشت گردوں نے موٹرسائیکل قریب ہی کھڑی کی اور انتظار کرنے لگے۔
موٹرسائیکل سے اُترنے والے دہشت گرد نے چل پھر کر اپنے ہدف کا جائزہ لیا۔ پہلے دہشت گرد نے کچھ دیر ایک کھمبے کے قریب کھڑے ہو کر انتظار بھی کیا۔ پہلے دہشت گرد نے کچھ وقفے کے بعد خود کو ایف سی ہیڈ کوارٹر کے گیٹ پر دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے کے فوری بعد 2 دہشت گرد بیریئر کے قریب فائرنگ کرتے ہوئے اندر داخل ہوئے۔ اس موقع پر فوری جوابی کارروائی اور بکتر بند گاڑی حرکت میں آنے پر دہشت گرد قریب ہی پارکنگ میں چھپ گئے۔
ایف سی اہلکاروں کی چند منٹ کی مؤثر جوابی کارروائی سے دونوں دہشت گردوں کو ڈھیر کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ایف سی ہیڈکوارٹر پشاور پر خودکش حملے میں 3 اہل کار شہید جب کہ 11 افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں شہری بھی شامل تھے۔ واقعے میں ملوث تینوں دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔