عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر علیمہ خان نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی
عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر علیمہ خان نے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروائے جانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت کے 24 مارچ کے حکم پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر عمل نہ کرنے پر ذمہ داران کو توہین عدالت کی سزا دی جائے۔ درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل ، وفاقی سیکرٹری داخلہ و سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب، علیمہ خان اور سلمان اکرم راجا کی بانی چیئرمین سے ملاقات کی درخواست پر انسداد دہشت گردی عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے کل ہفتہ جواب مانگ لیا ہے۔
بانی چیئرمین سے اڈیالہ جیل ملاقات کی درخواست فیصل ملک ایڈووکیٹ نے دائر کی۔ عدالت نے درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل کو کل جواب سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
درخواست میں موقف تھا کہ بانی چیئرمین سے جی ایچ کیو حملہ کیس بابت مشاورت کرنی ہے، بانی چیئرمین نے صحت بابت خبروں پر تشویش ہے۔ علیمہ خان، سلمان اکرم راجا اور درخواست گزار کو کل ہفتہ ملاقات اجازت دی جائے۔
شوکت خانم اسپتال اور نمل یونیورسٹی میانوالی کے فریز اکاؤنٹس بحالی کی بھی درخواست دائر کی گئی۔