کیا انوشکا شرما کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والی ہیں؟
کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کی ایک مختصر سی ٹوئٹ نے سوشل میڈیا پر تہلکہ مچادیا۔
گزشتہ روز کرک انفو نے بھارتی ویمنز لیگ کے آکشن کے دوران ایک ذو معنی ٹوئٹ کرکے صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا۔
ٹوئٹ میں صرف اتنا لکھا کہ ’انوشکا شرما کو 45 لاکھ روپے میں جی جی نے خرید لیا‘۔
Anushka Sharma goes to GG for INR 45 Lakh #WPLAuction
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) November 27, 2025
صارفین میں فوری طور پر تجسس پیدا ہوا اور بہت سے لوگوں نے یہ گمان کیا کہ یہ خبر بالی ووڈ اداکارہ اور سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما سے متعلق ہے۔
تاہم حقیقت اس کے برعکس تھی، یہ معاملہ دراصل بھارتی لیگ کے لیے ہونے والی حالیہ نیلامی سے متعلق تھا، جو دہلی میں منعقد ہوئی۔
نیلامی کے دوران جس کھلاڑی نے سب کی توجہ حاصل کی، وہ مدھیہ پردیش کی ابھرتی ہوئی کرکٹر انوشکا شرما تھیں، جن کا نام اداکارہ سے مشابہت رکھتا ہے۔
یہ 22 سالہ بیٹر اپنی جارحانہ بیٹنگ اور آف اسپن بولنگ کی وجہ سے مقامی سرکٹ میں پہچانی جاتی ہیں۔
انوشکا شرما کی بنیادی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی، جس کے بعد گجرات جائنٹس نے انہیں 45 لاکھ میں حاصل کر لیا۔