کراچی: ہندو برادری کا سوامی نارائن مندر پر بھارتی وزیر دفاع کے خلاف احتجاج

مظاہرین نے بھارتی پردھان منتری سے راج ناتھ کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کردیا

کراچی:

پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام تین روزہ احتجاجی سلسلے کے دوسرے مرحلے میں سوامی نارائن مندر پر بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل کی اعلیٰ قیادت سمیت سول سوسائٹی، اسٹوڈنٹس اور میڈیا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

چیف کوآرڈینیٹر کرشن ساگر نے میڈیا کو بتایا کہ سرپرست اعلیٰ پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کی ہدایت پر آج دوسرے دن بھی سندھ کی ہندو برادری سراپا احتجاج ہے، بھارتی وزیر دفاع کا بیان ہمارے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے اشتعال انگیز بیان کے خلاف سندھ کے مختلف شہروں، دیہاتوں اور گلی محلوں میں طلبہ، اساتذہ اور شہریوں کی جانب سے مختلف احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہیں جن میں سندھی ہندو کمیونٹی نے سخت غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

مظاہرین نے پاکستان زندہ باد اور مودی سرکار کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین نے بھارتی پردھان منتری سے وزیر دفاع راج ناتھ کے فوری استعفیٰ کا مطالبہ بھی کردیا۔

 پاکستان ہندو کونسل کے لیڈران کا کہنا تھا کہ راج ناتھ کے اشتعال انگیز بیان پر نریندر مودی کی خاموشی معنیٰ خیز ہے، انہوں نے تین دن کے الٹی میٹم کے اندر متنازع بیان واپس لینے کا مطالبہ دہرایا۔

مظاہرے کے دوران ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھائے شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا، احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

Load Next Story