بہنیں صرف اسلیے بچی ہوئی ہیں کہ عمران خان پھر روئیں گے، میری بہنوں کو اندر کردیا، عطا تارڑ

نورین خان کاش آپ بھارتی میڈیا پر جاکر اپنے شہدا کی بات کرتیں لیکن آپ کے نزدیک پاکستان کو بدنام کرنا اہم ہے، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان کی تینوں بہنوں کو ابھی تک صرف اسلیے کیفرکردار تک نہیں پہنچایا کہیں یہ رونا نہ روئیں کہ میری بہنوں کو اندر کردیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان ہمارے افسر اُن خُلا کو بھی پُر کررہے ہیں جو صوبائی حکومتوں کی کوتاہیوں کیوجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی انفلٹریشن اور ان کو پناہ مِل جانا، یہ صوبائی حکومتوں کی کوتاہی ہے۔ اس حوالے سے جو کیسز رجسٹرڈ ہیں، ان کیسز کی تعداد 3 سال کے اندر 4 ہزار سے بھی زیادہ تجاوز کرگئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کیسز میں مجرمان کو سزا دینے کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہ پراسکیوشن کا سسٹم صوبائی حکومتوں کے ماتحت ہے جو نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی صاحب اڈیالہ جیل کے باہر نعرے لگانے تو آتے ہیں، جوتیوں کا ناپ دینا تو اُن کو آتا ہے لیکن پراسکیوشن کی ہجے بھی ان کو نہیں آتی۔ ان سے ذرا پراسیکیوشن کی اسپیلنگ تو پوچھیں۔ دہشتگردوں کیخلاف کیسز بنتے ہیں لیکن صوبائی حکومت کے اندر اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ ان پر فرد جرم عائد کرسکیں۔ سیاسی لوگوں کا دہشت گردوں کے ساتھ گٹھ جوڑ ہے۔

عطا تارڑ نے کسی صوبے کا نام لیے بغیر کہا کہ دنیا میں واحد صوبہ ہے جو لوگوں کو اجازت دیتا ہے کہ ہزاروں کی تعداد میں گاڑیوں پر نان کسٹم پیڈ کی نمبر پلیٹ لگائیں جبکہ اس کے علاوہ بھی تمام غیرقانونی تجارتی شعبوں کا پیسہ دہشت گردوں کو جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں پھیلائی جانے والی افواہیں منظم سازش کا حصہ ہیں۔ پی ٹی آئی کا ملک دشمن عناصر کے ساتھ گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب افغانستان سے ملک میں دراندازی ہوئی اور فوج نے انہیں پسپا کیا تو پی ٹی آئی کو اس کا دُکھ ہوا۔ پی ٹی آئی افغانستان کی حمایت میں ترجمان بنے ہوئے ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کی جانب سے کیے گئے دھماکے کے بعد محمود خان اچکزئی اسمبلی میں کھڑے ہوتے ہیں اور وہ صرف 3 چیزوں پر بات کرتے ہیں، کابل، کابل اور کابل۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج چاق و چوبند اتنی بڑی سرحد کی حفاظت کررہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی کہا کہ یہ صوبائی حکومت ہے جو دہشت گردوں کو پروموٹ کرتے ہیں اور انہیں شرم بھی نہیں آتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کی تینوں بہنیں 9 مئی کو کور کمانڈر میں موجود تھیں لیکن انہیں کیفرکردار تک اس لیے نہیں پہنچایا کہیں یہ رونا نہ روئیں کہ میری بہنوں کو اندر کردیا۔

وفاقی وزیر نے عمران خان کی بہن نورین خان کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ کاش آپ بھارتی میڈیا پر جاکر اپنے شہدا کی بات کرتیں اور معرکہ حق کی بات کرتیں اور وزیر اعظم شہباز شریف کو خراج عقیدت پیش کرتیں لیکن آپ کے نزدیک پاکستان کو بدنام کرنا اہم ہے۔

Load Next Story