مین ہول میں گر کر بچے کی ہلاکت سندھ میں 18 سالہ بدترین متعصب حکمرانی کا شاخسانہ ہے، ایم کیو ایم پاکستان
ایم کیو ایم کی آئینی ترامیم کو اگلی 27ویں آئینی ترامیم میں شامل کرنے پر اتفاق
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے مین ہول میں گر کر معصوم بچے کی ہلاکت کے دل خراش واقعے کو 18 سالہ بدترین بدعنوان متعصب طرزِ حکمرانی کا شاخسانہ قرار دے دیا۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق برسوں سے کھدا ہوا یونیورسٹی روڈ حادثات و اموات کی آماجگاہ بنا ہوا ہے جو صوبائی اور نام نہاد مقامی حکومت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے، متعصبانہ طرز عمل نے کبھی ڈمپر کے نیچے کچلے جانا کبھی نالوں اور کھلے مین ہولز میں گر کر مرنا کراچی کے باشندوں کے نصیب میں لکھ دیا ہے۔
ترجمان متحدہ کے مطابق جماعت المنافقین سوائے ڈھنڈورا پیٹنے کے کبھی کچھ کر نہیں سکتی، نو ٹاؤنز میں چیئرمینز ہونے کے باوجود حادثے کی ذمہ داری لینے سے گریزاں ہو کر بلیم گیم شروع کرنا جماعت اسلامی کی اعلیٰ درجے کی منافقت کو عیاں کر رہا ہے۔
متحدہ ترجمان نے کہا کہ سندھ حکومت فی الفور معاملے کی شفاف تحقیقات کرکے ورثاء کی دادرسی کیلئے عملی اقدامات کو یقینی بنائے۔