لاہور: پولیس نے شہری کے گرنے والے 20 لاکھ روپے برآمد کرکے واپس لوٹا دیے

رقم موٹر سائیکل پر لیجتے ہوئے شاپر پھٹنے کی وجہ سے گر گئی تھی، ملزمان گرفتار

لاہور:

چوہنگ پولیس نے شہری کے 20 لاکھ روپے برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق شہری ریحان 20 لاکھ روپے بینک سے نکلوا کر موٹرسائیکل پر گھر جا رہا تھا کہ روڈ پر شاپر پھٹنے سے رقم گر گئی۔ 

ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر محمد رضا کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دی جس نے سیف سٹی کیمروں سمیت تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کی نشاندہی کرلی۔

مشکوک موٹرسائیکل سوار مرد و خاتون سے تفتیش کی گئی جن کے قبضے سے 10 لاکھ روپے برآمد ہوئے بعد ازاں مزید تفتیش سے ایک اور موٹرسائیکل سوار کی نشاندہی کی گئی جس کے قبضے سے بھی باقی ماندہ رقم 10 لاکھ روپے برآمد کرلی گئی۔

ایس پی صدر رانا حسین طاہر کا کہنا ہے کہ مدعی مقدمہ کو 20 لاکھ روپے حوالے کردیے گئے ہیں،  انہوں نے خصوصی ٹیم اور ایس ایچ او چوہنگ محمد رضا کو شاباش دی نقد انعام و تعریفی اسناد کا اعلان بھی کیا۔

مدعی مقدمہ نے رقم برآمد کرنے پر ایس ایچ او چوہنگ انسپکٹر محمد رضا و پولیس کا شکریہ ادا کیا۔

Load Next Story