ربیکا خان کی بارات میں حادثہ، گاڑی کو آگ لگ گئی

شادی کے مقام پر پارکنگ میں کھڑی ایک گاڑی اچانک آگ کی لپیٹ میں آگئی

سوشل میڈیا اسٹار ربیکا خان کی شادی پہلے ہی اپنی طویل تقریبات کے باعث خبروں میں تھی، مگر بارات کے دن پیش آنے والے ایک واقعے نے اس شادی کو مزید توجہ کا مرکز بنا دیا۔

پاکستانی کامیڈین کاشف خان کی بیٹی ربیکا جو سوشل میڈیا پر معروف کانٹینٹ کریئٹر ہیں، گزشتہ رات بارات کے بعد باضابطہ طور پر حسین ترین کی دلہن بن گئی ہیں۔

ربیکا اپنی بارات کے دن دلکش لباس میں نظر آئیں، مگر خوشی کے اس موقع پر ایک ناخوشگوار خبر بھی سامنے آئی۔ شادی کے مقام پر پارکنگ میں کھڑی ایک گاڑی اچانک آگ کی لپیٹ میں آگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے شعلے بھڑک اٹھے اور موقع پر موجود لوگ حیرت سے موبائل کیمروں سے ویڈیو بنانے لگے۔ یہ ویڈیوز لمحوں میں وائرل ہوگئیں۔

ایک صارف نے طنزیہ انداز میں پوچھا ’’تو ربیکا گاڑی میں نہیں تھی ناں؟‘‘

ایک اور نے لکھا ’’اب اس پر پورا سال ولاگز بنیں گے۔‘‘

کسی نے اسے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیا، تو ایک صارف نے ڈرامائی تبصرہ کیا ’’یہ تو بالکل ’میری زندگی ہے تو‘ کے سین جیسا لگ رہا ہے۔‘‘

واقعے کی سچائی کچھ بھی ہو، لیکن ربیکا خان کی شادی کے ساتھ جڑی یہ ’آگ‘ اب سوشل میڈیا پر بھی خوب جل رہی ہے، اور صارفین اسے بھرپور انداز میں انجوائے کر رہے ہیں۔

Load Next Story