ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2025 کا انعقاد‘پاکستانی فنکاروں کی شرکت
گزشتہ روز جدہ کے تاریخی اور دلکش علاقے البلد میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ موقع نہ صرف فیسٹیول کی تاریخ بلکہ پاکستان کے لئے بھی ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا کیونکہ پہلی بار اس عالمی فلمی میلے میں پاکستان کا قومی پرچم سربلند ہوا۔ اس باوقار عالمی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی تین ممتاز اور کہنہ مشق تخلیقی شخصیات عتیقہ اوڈھو، توثیق حیدر اور شہزاد نواز کررہے ہیں جواس دوران ایک خصوصی پینل گفتگو میں بھی حصہ لیں گے۔
یہ تاریخی لمحہ نہ صرف پاکستان کے فلمی سفر میں اعتماد کا نیا باب کھولتا ہے بلکہ عالمی سینمائی منظرنامے میں پاکستان کی موجودگی کو بھی مزید مستحکم کرتا ہے۔ یہ عالمی فلمی میلہ جو 4 تا 13 دسمبر 2025 تک جاری رہے گا، روون اتھالے کی فلم "جائنٹ" کے شاندار عالمی پریمیئر سے شروع ہوا۔ یہ سوانحی ڈرامہ برطانوی–یمنی باکسنگ لیجنڈ پرنس نسیم حمید کی زندگی، جدوجہد اور غیر معمولی کامیابیوں کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کرتا ہے۔
پانچ برس کے مختصر عرصے میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول غیر معمولی رفتار سے مشرقِ وسطیٰ کے سب سے بااثر اور معیاری فلمی میلوں میں شمار ہونے لگا ہے اور خطے کی تخلیقی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
اپنی بامعنی موجودگی اور بصیرت افروز گفتگو کے ذریعے عتیقہ اوڈھو، شہزاد نواز اور توثیق حیدر نے دنیا کے سامنے پاکستان کے اس عزم کو واضح طور پر پیش کریں گے کہ ملک کہانی سنانے، تخلیقی اظہار اور بین الثقافتی تعاون کے فروغ کے لئے مسلسل سرگرم ہے۔