امریکی صدر ٹرمپ کو فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نواز دیا گیا

صدر ٹرمپ نے فیفا سربراہ جیانی انفینٹینو کی کاوشوں کو بھی سراہا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر فیفا کے پہلے امن ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

 خبر رساں ایجنسی کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے یہ اعزاز انہیں اگلے برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں مشترکہ طور پر ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ڈراز کی تقریب کے دوران دیا۔

واشنگٹن میں منعقدہ تقریب میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے صدر ٹرمپ کو ایوارڈ پیش کیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق فیفا نے گزشتہ ماہ ہی اس ایوارڈ کا اعلان کیا تھا جس کا مقصد ایسے افراد کو سراہنا ہے جنہوں نے عالمی سطح پر امن کے لیے غیرمعمولی کوششیں کی ہوں۔

ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے اسے اپنی زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی کوششوں سے لاکھوں جانیں بچائی گئیں انہوں نے کہا کہ کانگو اور پاک بھارت کے معاملات میں ممکنہ جنگ کو شروع ہونے سے پہلے ہی روک دیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے فیفا سربراہ جیانی انفینٹینو کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ آپ نے شاندار کام کیا ہے، ٹکٹوں کی فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں، یہ آپ اور عالمی فٹبال دونوں کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔

 

Load Next Story