ہر شہری کی عزت و حقوق کا تحفظ ریاست کی پہلی ذمہ داری، انسانی حقوق کے عالمی دن پر صدر کا پیغام
انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ہر فرد کی عزت، مساوات اور انصاف کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور حکومت پاکستان انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ اسلام مذہبی و سماجی مساوات، انسانی وقار اور احترامِ انسانیت پر زور دیتا ہے جبکہ آئینِ پاکستان ہر شہری کو بلا امتیاز بنیادی حقوق اور آزادیوں کی ضمانت دیتا ہے۔
اپنے پیغام میں صدرِ مملکت نے بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو ہم آہنگی، وقار اور مساوات کی بنیاد پر قائم ریاست کے طور پر تصور کیا تھا۔
صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک میں کمزور اور پسماندہ طبقات خصوصاً خواتین، بچوں، اقلیتوں اور خصوصی افراد کے حقوق کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے مزید مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں برداشت، احترام اور باہمی وقار کا ماحول پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ انسانی حقوق کے فروغ کے لیے سول سوسائٹی، تمام اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کو اس دن کو عالمی سطح پر منانے اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے کئے گئے اقدامات پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔
آخر میں انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ انسانی وقار کے تحفظ، مساوات کے فروغ اور خوف، جبر و امتیاز سے پاک معاشرہ قائم کرنے کے لیے متحد ہو کر اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے ہماری کوششوں کو کامیاب فرمائے۔