دوران پرواز خاتون سے نازیبا حرکات کرنے پر مسافر کو ’حیران کن‘ سزا

نیویارک سے لندن جانے والی پرواز میں 45 سالہ مسافر نے خاتون کی ناک میں دم کیے رکھا تھا

خاتون کی شکایت پر ان کی سیٹ بھی تبدیل کردی گئی تھی

دوران پرواز خاتون مسافر کو مسلسل ہراساں کرنے والے شخص کو برطانوی عدالت نے سخت سزا سنادی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن ایئرپورٹ پر لیتھوانیا سے تعلق رکھنے والا 45 سالہ پاؤلیئس کریلا ویسیئس نامی شخص کو طیارہ لینڈ کرتے ہی حراست میں لے لیا گیا تھا۔

مذکورہ شخص پر 8 جنوری 2025 کو نیویارک سے لندن کی 7 گھنٹے طویل پرواز میں خاتون مسافر کو ہراساں کرنے کا الزام تھا۔

خاتون نے ملزم کی نازیبا حرکات کی عملے کو شکایت کی تھی کہ مذکورہ مسافر انھیں مسلسل ذہنی اذیت اور ہراسانی کا نشانہ بنا رہا ہے۔

عملے نے فوری طور پر خاتون کی سیٹ تبدیل کر دی تھی مگر جیسے ہی جہاز نے لینڈنگ کی مذکورہ شخص کو رن وے پر ہی گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس نے یہ معاملہ کراؤن کورٹ تک پہنچایا جہاں جج نے شواہد سننے کے بعد ملزم کے خلاف سخت فیصلہ سنا دیا۔

ملزم کو 100 گھنٹے بلا معاوضہ کمیونٹی سروس کرنے، 25 دن تک بحالی و اصلاحی پروگرام میں لازمی شرکت اور متاثرہ خاتون کو 500 پاؤنڈ معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے ملزم کو جرمانہ اور سزا مکمل کرنے کے بعد بھی 10 سال تک اپنی تمام سرگرمیوں اور نقل و حرکت سے پولیس کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ ہوائی جہاز کوئی ’نو گو زون‘ نہیں جہاں خواتین کو ہراساں کرنا آسان ہو اور جو بھی ایسا کرے گا، اس کا انجام یہی ہوگا۔

 

Load Next Story