ٹرمپ کا بڑا اعلان: وینزویلا کے خلاف فوجی کارروائی کا خطرہ بڑھ گیا

دوسری جانب وینزویلا نے امریکا کے ان اقدامات کو غیر قانونی دباؤ قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے

امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وینزویلا کے خلاف منشیات اسمگلنگ کے الزام کی بنیاد پر زمینی کارروائی کی نوبت آسکتی ہے۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا وینزویلا کے راستے ہونے والی منشیات اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق وینزویلا کی صورت حال اب زمینی کارروائی کے قریب پہنچ چکی ہے۔

امریکا نے حالیہ دنوں میں وینزویلا کے ساحل کے قریب تیل بردار جہاز قبضے میں لینے کا بھی دعویٰ کیا جس پر کئی برسوں سے پابندیاں عائد تھیں۔

امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق یہ جہاز دہشت گرد نیٹ ورکس کی مدد کرنے والی غیر قانونی شپنگ میں استعمال ہو رہا تھا اور اسے وینزویلا و ایران کے درمیان تیل کی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

امریکی اقدامات کے تسلسل میں واشنگٹن نے آج مزید 6 بحری جہازوں اور وینزویلا کے صدر کے خاندان کے تین افراد پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

دوسری جانب وینزویلا نے امریکا کے ان اقدامات کو غیر قانونی دباؤ قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔

Load Next Story