کراچی میں 11ویں لیکسن انویسٹمنٹ یونیفائیڈ میراتھن کا شاندار انعقاد

ایونٹ میں وہیل چیئر ریس اور دیگر دوڑ کے مقابلے بھی رکھے گئے

کراچی:

کراچی میں اسپیشل اولمپکس پاکستان کے زیرِ اہتمام 11 ویں لیکسن انویسٹمنٹ یونیفائیڈ میراتھن کا انعقاد کیا گیا، جس میں اکیس کلومیٹر ہاف میراتھن سمیت مختلف مقابلے منعقد ہوئے۔

میراتھن کا آغاز ڈی ایچ اے کے ایمار سینٹر ساحل سمندر سے ہوا جہاں صبح سویرے شرکاء کی بڑی تعداد جمع ہوئی۔

میرا تھن میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، جن میں عام شہریوں کے ساتھ اسپیشل ایتھلیٹس بھی شامل تھے۔

ایونٹ میں وہیل چیئر ریس اور دیگر دوڑ کے مقابلے بھی رکھے گئے، جنہیں شرکاء اور تماشائیوں کی جانب سے خوب سراہا گیا۔

میرا تھن کے آغاز سے قبل بینڈ نے نغمہ سرائی کی جس سے شرکاء کا جوش و جذبہ دیدنی ہو گیا۔

اس موقع پر غیر ملکی سفارتکاروں، اعلیٰ سرکاری حکام، معروف کھلاڑیوں اور فنکاروں نے بھی شرکت کی اور اسپیشل اولمپکس پاکستان کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئر پرسن رونق لاکھانی میرا تھن کی نگرانی کر رہی ہیں اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خصوصی ضروریات کے حامل کھلاڑیوں کی ترقی چاہتے ہیں۔

چیئرپرسن رونق لاکھانی نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کی کمیونٹی میں شمولیت کے جذبہ کو مضبوط کرنا ضروری ہے اور شہریوں کی میرا تھن میں شمولیت قابلِ تحسین ہے۔

Load Next Story