لاہور؛ کرپٹ تحصیلدار اینٹی کرپشن کے ہاتھوں گرفتار، مقدمہ درج
لاہور میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کارروائی کرتے ہوئے کرپشن میں ملوث تحصیلدار عبدالرحمان کو گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق تحصیلدار عبدالرحمان اور اس کے تین ساتھیوں کے خلاف باقاعدہ مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالرحمان اقبال ٹاؤن سرکل نیاز بیگ میں بطور تحصیلدار فرائض سرانجام دے رہا تھا۔ مقدمہ میں تحصیلدار کے دیگر تین ساتھیوں نثار احمد، اعجاز اور علی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق تحصیلدار عبدالرحمان کے خلاف کرپٹ پریکٹس کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق تحصیلدار عبدالرحمان جان بوجھ کر انتقال کے معاملات زیر التوا رکھتا تھا اور انتقال کے اندراج کے بدلے مالی فوائد طلب کرتا تھا۔ دورانِ انکوائری ملزم تحصیلدار الزامات کے جواب دینے میں ناکام رہا۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ تحصیلدار عبدالرحمان کے موبائل فون سے مالی لین دین سے متعلق اسکرین شاٹس بھی برآمد ہوئے ہیں جو کرپشن کے شواہد ہیں۔
مقدمہ ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد صہیب بٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔