بچوں کو سرد موسم کے منفی اثرات سے کیسے محفوظ رکھیں؟
سردیوں کا آغاز ہوتے ہی بچوں کی صحت والدین کے لیے ایک بڑا چیلنج بن جاتی ہے۔
گرمیوں کے بعد تیزی سے بدلتا ہوا موسم، ٹھنڈی ہوائیں اور درجہ حرارت میں اچانک کمی بچوں کو نزلہ، زکام، کھانسی، بخار اور سانس کے مسائل سے دوچار کرتی ہے۔ خاص طور پر کم عمر بچے، جن کا مدافعتی نظام ابھی مکمل طور پر مضبوط نہیں ہوتا، بدلتے موسم سے بہت جلدی متاثر ہو جاتے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق سردیوں میں بیماریوں سے بچاؤ کا سب سے مؤثر طریقہ بروقت احتیاط اور روزمرہ عادات میں معمولی تبدیلی ہے۔ اگر مائیں چند بنیادی باتوں کا خیال رکھیں تو بچوں کو اکثر موسمی امراض سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
گرم کپڑے، خاص احتیاط کے ساتھ
سردیوں میں بچوں کا سر، سینے اور پاؤں کو ڈھانپ کر رکھنا بے حد ضروری ہے کیوں کہ جسم کی بڑی مقدار میں حرارت سر کے ذریعے ضائع ہوتی ہے۔ اُونی ٹوپی، موزے اور ہلکے مگر گرم کپڑے سردیوں کا بہترین انتخاب ہیں، تاہم یہ بھی خیال رہے کہ حد سے زیادہ بھاری لباس بچے کو بے چین کر سکتا ہے، جس سے پسینہ آ کر الٹا نقصان کا سبب بنتا ہے۔
ٹھنڈے پانی اور کھانے کی غیر معیاری اشیا سے پرہیز
سرد موسم میں ٹھنڈے پانی سے نہلانا یا ہاتھ منہ دھلوانا بھی بچوں کو بیمار کر سکتا ہے۔ اسی طرح بازار کی غیر معیاری ٹافیاں اور چاکلیٹس گلے اور سینے کی خرابی کا باعث بنتی ہیں۔ بہتر ہے کہ بچوں کو نیم گرم پانی اور گھر کی بنی ہوئی سادہ غذائیں دی جائیں۔
نمونیا: یہ معمولی نہیں، سنجیدہ مسئلہ ہے
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نمونیا بچوں میں ایک خطرناک بیماری ثابت ہو سکتی ہے۔ تیز سانس، سینے کا اندر کی جانب جانا، بخار اور شدید کمزوری اس کی نمایاں علامات ہیں۔ ایسی صورت میں گھریلو ٹوٹکوں پر وقت ضائع کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند معالج سے رجوع کرنا ضروری ہے۔ بچوں کو نمونیا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوانا بھی نہایت اہم ہے۔
بخار میں خاص احتیاط
بخار کی حالت میں بچوں کو خود سے اینٹی بایوٹک دینا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔ بچے کو اس دوران ہلکے کپڑے پہنائیں، وقفے وقفے سے درجہ حرارت چیک کریں اور غذا میں یخنی یا سوپ خاص طور پر شامل کریں۔ اگر بخار برقرار رہے تو ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔
نزلہ، زکام اور کھانسی کے دیسی نسخے
سردیوں میں نزلہ اور گلے کی خراش عام مسئلہ ہے، جس کے لیے دیسی طریقے خاصے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
- ادرک اور شہد کا مرکب (قہوہ)
- نیم گرم دودھ میں کھجور یا چھوہارہ اُبال کر پلانا
- سونٹھ اور گڑ کا قہوہ
- گاجر یا موسمی کا تازہ رس
یہ تمام نسخے قوت مدافعت بڑھانے میں بہت مدد دیتے ہیں۔
مالش اور دھوپ
سردیوں میں سرسوں یا زیتون کے تیل سے ہلکی مالش کے بعد بچے کو چند منٹ دھوپ میں بٹھانا جسم کو حرارت فراہم کرتا ہے اور نزلہ زکام سے بچاتا ہے۔
نظامِ ہاضمہ بھی ضروری
ماہرین کے مطابق سانس کی بیماریوں اور قبض کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔ بچوں کا پیٹ صاف رکھنا بے حد ضروری ہے۔ اس کے لیے منقہ، خشک انجیر یا اسپغول کا ہلکا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
سرد موسم میں بچوں کی دیکھ بھال مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔ تھوڑی سی خاص توجہ، مناسب لباس، صحت مند غذا اور آزمودہ دیسی ٹوٹکوں کی مدد سے آپ اپنے بچوں کو موسم کی سختیوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔ یاد رکھیں، احتیاط ہی بہترین علاج ہے۔