سابق وزیر اعلیٰ پنجاب 16 دسمبر 2014 سے متعلق پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع
16 دسمبر سے متعلق قرارداد ن لیگ کے چیف وہپ رانا ارشد نے جمع کروائی۔
متن میں کہا گیا کہ پنجاب کا یہ معزز ایوان آج پھر اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ 16 دسمبر 2014 پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ 16 دسمبر قومی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جو ہم میں سانحہ آرمی پبلک سکول اور سقوط ڈھاکہ کی یاد دلاتا ہے۔
یہ دن ہمیں اس بات کا درس دیتا ہے کہ قومی یکجہتی اور اتحاد ہی وہ راستہ ہے جو ہمیں ہر آزمائش میں سرخرو کر سکتا ہے، آرمی پبلک اسکول کے معصوم شہداء کی قربانیاں آج بھی ہمارے دلوں میں دہشت گردی کے خلاف عزم کو جلا بخش رہی ہیں۔
افواج پاکستان اور قوم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ بے مثال ہیں، ہمارا عزم اپنے پیارے وطن کو دہشت گردی اور انتہا پسندی سے ہمیشہ کے لیے پاک کرنا ہے، سقوط ڈھاکہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ قومی یک جہتی اور اتحاد ہی پاکستان کی سالمیت کی ضمانت ہے۔
ہمیں بحیثیت قوم ذاتی ، سیاسی، گروہی اختلاف اور مفادات کو پس پشت ڈال کر سب کو مل کر آگے بڑھنا ہو گا، انٹر نیشنل لیڈر سابقہ پرائم منسٹر میاں محمد نواز شریف اور پرائم منسٹر میاں محمد شہباز شریف کے موجودہ ویژن پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس وقت کے پرائم منسٹر میاں محمد نواز شریف اور افواج پاکستان نے جرات مندانہ فیصلہ لیا اور آج کے پرائم منسٹر میاں محمد شہباز شریف اور افواج پاکستان نے جرات مندانہ فیصلہ لے کر حالات کو محفوظ کیا ہے۔
متن میں مزید کہا گیا کہ بالخصوص نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، افواج پاکستان کے ساتھ یک جہتی کا مظاہرہ کریں اور ہمت اور جرات کے علمدار فیلڈ مارشل حافظ جنرل عاصم منیر صاحب اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دوسرے اے پی ایس کیڈٹ کالج اور ان کے بچوں اور اسٹاف کو محفوظ کیا اور دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے ہمیشہ کے لیے کرائم کرنے والوں کا خاتمہ کیا۔
نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اپنے ملک کو در پیش ہر بحران کا حوصلے اور تدبر سے سامنا کریں۔ یہ وطن ہم سب کا ہے ، اس کی ترقی و استحکام ناگزیر اور ہم سب کی ذمہ داری ہے، اللہ تعالی پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے۔