ہالی ووڈ اداکار اور اہلیہ کے قتل پر ٹرمپ کا طنزیہ اور حقارت آمیز بیان
ٹرمپ نے ہالی ووڈ اداکار اور اہلیہ کے ہولناک قتل پر طنزیہ بیان جاری کیا تھا
ہالی ووڈ کے مشہور فلم ڈائریکٹر اور کامیڈی اسٹار راب رینر اور ان کی بیوی مشل کے اندوہناک قتل پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متنازع بیان نے نئی بحث چھیڑ دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے ہالی ووڈ اداکار راب رینر کو “ٹرمپ ڈی رینجمنٹ سنڈروم” (TDS) نامی بیماری سے متاثرہ قرار دیا۔
جس کا مطلب ہے کہ رینر اپنے شدید غصے اور جنون کی وجہ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ایک ذہنی بیماری کا شکار ہوگئے تھے۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ راب رینر نے اپنی سیاسی سوچ کی وجہ سے بہت سے لوگوں کو “پاگل” کر دیا تھا اور یہ “جنون” ان کے دماغ پر ایسا اثر ڈال رہا تھا۔
انھوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی کامیابیوں کو دیکھ کر ہالی ووڈ اداکار کا “شک” نئی بلندیوں پر پہنچ گیا تھا۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ راب اور مشل کو سکون نصیب ہو۔
ٹرمپ کے اس بیان کو سیاسی اور سماجی حلقوں میں انتہائی بے حسی کا حامل اور بے جا طنز سمجھا گیا۔
ڈیموکریٹ سینیٹر ڈک ڈربن نے اسے کسی صدر کے سب سے ظالمانہ الفاظ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے موقع پر ہمدردی اور جذبۂ انسانی کی ضرورت ہوتی ہے، نہ کہ ذاتی اور سیاسی تنقید کی۔
کانگریس رکن پرمیلا جے پال نے اس بیان کو گھٹیا اور خود پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تمام ریپبلکن رہنماؤں کو چاہیے کہ وہ اس بیان کی واضح مذمت کریں۔
معروف صحافی اور مبصرین نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا یہ بیان ایک بار پھر ان کی شخصیت کے منفی پہلوؤں کو نمایاں کرتا ہے، جہاں وہ ذاتی اور سیاسی مفادات کے لیے انسانی جذبات کو پس پشت ڈال دیتے ہیں۔