اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا نیا نظرثانی شدہ ڈیوٹی روسٹر جاری
اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لیے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری کر دیا گیا ہے۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری کی برطرفی کے بعد جسٹس محسن اختر کیانی کا ڈویژن بینچ غیر فعال ہوگیا جبکہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس خادم حسین سومرو آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لیے دستیاب نہیں۔
موسم سرما کی تعطیلات سے قبل آئندہ ہفتے چھ سنگل اور تین ڈویژن بینچ کیسز کی سماعت کریں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں آئندہ عدالتی ہفتے دو دن 22 اور 23 دسمبر کے لیے ججز کا ڈیوٹی روسٹر جاری کیا گیا ہے جس کے بعد 24 دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات شروع ہو جائیں گی اور ڈیوٹی ججز کا روسٹر الگ سے جاری کیا جائے گا۔
آئندہ ہفتے کیسز کی سماعت کے لیے طارق محمود جہانگیری کی برطرفی سے جسٹس محسن اختر کیانی کا ڈویژن بینچ غیر فعال ہوگیا، وہ کسی ڈویژن بینچ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق اور جسٹس خادم حسین سومرو کیسز کی سماعت کے لیے دستیاب نہیں۔ صرف چھ سنگل اور تین ڈویژن بینچ میں کیسز کی سماعت ہو گی۔
پہلا ڈویژن بینچ چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل ہوگا۔ دوسرے اسپیشل ڈویژن بینچ میں جسٹس بابر ستار اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز شامل ہیں جو صرف ٹیکس سے متعلق کیسز کی سماعت کریں گے۔ تیسرے ڈویژن بینچ میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس انعام امین منہاس شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم نامے کے بعد صدر مملکت آصف علی زرداری نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دے دی۔
صدر آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر جسٹس طارق محمود جہانگیری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کے عہدے سے ہٹانے کی منظوری دی۔
بعد ازاں وفاقی وزارت قانون سے بھی جسٹس طارق محمود جہانگیری کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔