پنجاب اسمبلی، مسلم خاتون کو بے حجاب کرنے پر وزیرِ اعلیٰ بہار کیخلاف مذمتی قرارداد جمع

یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حناء پرویز بٹ کی جانب سے پیش کی گئی

پنجاب اسمبلی میں بھارتی ریاست بہار میں وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے مسلمان خاتون ڈاکٹر کا حجاب زبردستی اُتارنے کے واقعے پر مذمتی قرارداد جمع کرائی گئی۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن حناء پرویز بٹ کی جانب سے پیش کی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ ایوان بھارتی وزیرِ اعلیٰ کے شرمناک اور توہین آمیز فعل کی شدید مذمت کرتا ہے اور سرکاری تقریب میں مسلمان خاتون ڈاکٹر کے حجاب کی توہین کو ناقابلِ قبول قرار دیتا ہے۔

ایوان نے اس اقدام کو خواتین کی عزت و وقار اور مذہبی آزادی کی صریحاً خلاف ورزی قرار دیا اور واقعے کو بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمان خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصب کا ثبوت کہا۔

متاثرہ خاتون ڈاکٹر کے باوقار اور جرات مندانہ ردِعمل کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ نتیش کمار فوری طور پر اپنے غیر اخلاقی رویے پر استعفیٰ دیں، واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں اور بھارت میں خواتین اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کا عالمی سطح پر نوٹس لیا جائے۔

Load Next Story