غزہ میں اسرائیلی حملے نہ رکے، 24 گھنٹوں میں مزید 10 فلسطینی شہید

10 اکتوبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 400 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں

غزہ میں اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں، جس کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 فلسطینی شہید ہو گئے۔

فلسطینی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہوئے، جبکہ غزہ شہر میں بے گھر فلسطینیوں کے ایک تربیتی مرکز پر حملے کے نتیجے میں 6 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ 10 اکتوبر کو طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں میں 400 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں 16 ہزار سے زائد مریض بیرونِ ملک علاج کے منتظر ہیں، جبکہ امدادی تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے مطابق اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جولائی 2024 سے اب تک ہزار سے زائد مریض بروقت طبی انخلا نہ ہونے کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ادارے کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 10 ہزار 600 شدید بیمار مریضوں کو غزہ سے منتقل کیا گیا، جن میں 5 ہزار 600 سے زائد بچے شامل ہیں، تاہم ہزاروں مریض اب بھی علاج کے منتظر ہیں۔

ادھر ترک انٹیلی جنس ایجنسی کے سربراہ ابراہیم قالن نے استنبول میں حماس کے وفد سے ملاقات کی، جس میں غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

متعلقہ

Load Next Story