سردیوں میں بال گرنے سے پریشان ہیں تو یہ آزمودہ حل آپ ہی کیلیے ہیں!

سردیوں میں گرم پانی سے نہانے کا رجحان عام ہوتا ہے، مگر بہت زیادہ گرم پانی بالوں کی قدرتی نمی ختم کر دیتا ہے

سردیوں کا موسم جہاں مزیدار ٹھنڈک کے ساتھ ساتھ خوشگوار احساس لے کر آتا ہے، وہیں بہت سے افراد کے لیے بالوں کے گرنے کا مسئلہ شدت اختیار کر لیتا ہے۔

خواتین ہوں یا مرد، اس موسم میں بالوں کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ایک عام شکایت بن جاتی ہے۔ اگر آپ کے کچھ بال گرنا معمول بن چکا ہے تو اس میں پریشانی کی بات نہیں ہے، ہاں! جب یہ مقدار معمول سے بڑھ جائے تو توجہ دینا ضروری ہو جاتا ہے۔

بالوں کا قدرتی سائیکل اور حد سے زیادہ گرنا

تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ 50 سے 100 بالوں کا گرنا ایک قدرتی عمل ہے، کیونکہ پرانے اور کمزور بالوں کی جگہ نئے بال آتے رہتے ہیں، لیکن جب یہ مقدار اس حد سے تجاوز کر جائے تو اس کا مطلب ہوتا ہے کہ بالوں کی جڑیں کمزور ہو رہی ہیں یا سر کی جلد کسی مسئلے کا شکار ہے، جسے نظرانداز کرنا نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

سردیوں میں اسکیلپ کیوں متاثر ہوتی ہے؟

موسم سرما میں فضا میں نمی کم ہو جاتی ہے جس کا براہِ راست اثر ہماری جلد پر پڑتا ہے۔ جس طرح ہاتھ اور چہرہ خشک ہو جاتا ہے، اسی طرح سر کی جلد یعنی اسکیلپ بھی خشکی کا شکار ہو جاتی ہے، جس کی وجہ سے بالوں کی جڑیں کمزور پڑنے لگتی ہیں، خشکی پیدا ہوتی ہے اور بال ٹوٹ کر گرنے لگتے ہیں۔

تیل سے مساج: بالوں کے لیے قدرتی غذا

سردیوں میں بالوں کی دیکھ بھال کا سب سے مؤثر طریقہ تیل سے سر کا مساج ہے۔ یہ عمل سر کی جلد میں خون کی گردش کو بہتر بناتا ہے، جس سے بالوں کی جڑوں کو ضروری غذائیت ملتی ہے۔ زیتون، بادام یا ناریل کے تیل کو ہلکا سا گرم کر کے ہفتے میں دو سے تین بار نرمی سے مساج کرنے سے بال مضبوط ہوتے ہیں اور خشکی میں بھی کمی آتی ہے۔

بال گرنے کی اصل وجہ جاننا ضروری ہے!

اکثر لوگ صرف ظاہری ٹوٹکوں پر انحصار کرتے ہیں، حالانکہ بالوں کے گرنے کی اصل وجہ ذہنی دباؤ، نیند کی کمی، ہارمونی مسائل یا غذائی کمی بھی ہو سکتی ہے۔ اگر بالوں کا گرنا مسلسل بڑھ رہا ہو تو ماہرِ امراض جلد یا ہیئر کنسلٹنٹ سے رجوع کرنا بہتر ہوتا ہے تاکہ مسئلے کی جڑ تک پہنچا جا سکے۔

متوازن غذا اور پانی کی اہمیت

بالوں کی صحت کا گہرا تعلق خوراک سے بھی ہوتا ہے۔ وٹامن بی، وٹامن ای، پروٹین اور آئرن کی کمی بالوں کو کمزور بنا دیتی ہے۔ سردیوں میں سبزیاں، پھل، انڈے، مچھلی، گوشت اور دہی کا استعمال بالوں کی نشوونما کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

اسی طرح پانی پینا بھی بے حد ضروری ہے۔ سرد موسم میں پیاس کم لگنے کی وجہ سے لوگ پانی کم پیتے ہیں، جس کا نتیجہ جلد اور بالوں کی خشکی کی صورت میں سامنے آتا ہے۔ مناسب مقدار میں پانی پینا بالوں کو اندر سے مضبوط رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

مصنوعات کا انتخاب

ہر شخص کے بالوں کی ساخت اور ضروریات مختلف ہوتی ہیں، اس لیے بغیر سوچے سمجھے شیمپو، کنڈیشنر یا دیگر مصنوعات کا استعمال بالوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ خشک بالوں کے لیے ڈیپ کنڈیشنگ والی مصنوعات جب کہ نارمل یا آئلی بالوں کے لیے ہلکی اور سادہ مصنوعات زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہیں۔ کیمیکل سے بھرپور پروڈکٹس کے بجائے نرم اور قدرتی اجزا والی اشیا کا انتخاب بہتر رہتا ہے۔

گرم پانی سے پرہیز کیوں ضروری ہے؟

سردیوں میں گرم پانی سے نہانے کا رجحان عام ہوتا ہے، مگر بہت زیادہ گرم پانی بالوں کی قدرتی نمی ختم کر دیتا ہے۔ اس سے بال خشک، بے جان اور ٹوٹنے لگتے ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ سر دھونے کے لیے نیم گرم پانی استعمال کیا جائے تاکہ بالوں اور اسکیلپ کو نقصان نہ پہنچے۔

سردیوں میں بالوں کا زیادہ گرنا ایک عام مسئلہ ضرور ہے مگر اسے معمولی سمجھ کر نظرانداز نہیں کرنا چاہیے۔ درست دیکھ بھال، متوازن غذا، مناسب پانی کا استعمال اور روزمرہ عادات میں معمولی تبدیلیاں اپنا کر اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ اگر بروقت توجہ دی جائے تو سردیوں میں بھی بالوں کو صحت مند، مضبوط اور گھنا رکھا جا سکتا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story