شادی میں فائرنگ سے گھر کا واحد کفیل سر میں گولی لگنے سے زخمی، حالت تشویشناک

زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ محمد آصف ولد محمد شفیع کے نام سے کی گئی

ماڑی پور مچھر کالونی میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ سے بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر واحد کفیل زخمی ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈاکس تھانے کی حدود ماڑی پور مچھر کالونی مری چوک گرم گلی میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے شخص کو پیر کی صبح تقریباً ساڑھے 8 بجے رکشا میں سول اسپتال منتقل کیا گیا۔

سول اسپتال میں موجود پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ محمد آصف ولد محمد شفیع کے نام سے کی گئی ، زخمی شخص کو سر میں گولی لگی ہے ، ڈاکٹروں کی جانب سے حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

زخمی ہونے والے محمد آصف کے کزن غلام نبی نے بتایا کہ محمد آصف فشری میں مچھلی کے تاجر کے پاس منشی کا کام کرتا ہے ، دو بہنوں کا اکلوتا بھائی اور گھر کا کفیل ہے، انہوں نے بتایا کہ اتوار کی شب وہ گرم گلی میں کسی کی شادی میں شرکت کے لیے گیا تھا جہاں شدید ہوائی فائرنگ ہو رہی تھی، اسی دوران ایک گولی واپس آکر اصف کے دماغ میں لگی اس کے سر سے خون نکلنے پر علاقے کے لوگ سمجھے کہ کوئی چوٹ لگی ہے جس پر وہ اسے اس کے گھر چھوڑ کر چلے گئے۔

غلام نبی نے بتایا گھر والے علاقے کے عطائی ڈاکٹر کے کلینک لے گئے۔ ڈاکٹر نے اپنے علم کے حساب سے اس کے سر میں پٹی کر دی جس پر گھر والے اسے واپس گھر لے آئے تاہم صبح 5 بجے حالت بگڑنے پر آصف کی بہنوں نے مجھے فون کر کے بلایا جس پر میں اسے کھارادر میں واقعے ایک نجی اسپتال لے گیا جہاں ڈاکٹروں نے لینے سے منع کر دیا کہ سر کا معاملہ ہے لہذا سول اسپتال لے جاؤ جس پر میں اسے سول اسپتال لے آیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے اور ایکسرے کے بعد بتایا کہ آصف کو گولی لگی ہے اور گولی ابھی تک سر میں موجود ہے۔

 ڈاکٹروں نے بتایا کہ محمد آصف کا آپریشن کیا جائے گا تاہم آپریشن کب کیا جائے گا اس بارے میں ڈاکٹرز کچھ نہیں بتا رہے۔

Load Next Story