زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا

اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 05پیسے کی کمی سے 281روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی

فوٹو: فائل

کراچی:

مختلف مثبت عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

امریکا و دیگر ممالک کے علاوہ آسٹریلیا کے سرمایہ کاروں کی ریکوڈک کے کان کنی منصوبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی، سرکاری ذخائر 16ارب ڈالر کے قریب پہنچنے سے ملک کی بیرونی مالیاتی صورتحال میں بتدریج بہتری کی نشاندہی جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو 64ویں روز بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

درآمدات میں اضافے کے باوجود کارکنوں کی ترسیلات زر میں اضافے، خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی درآمدات کی نمو قابو رہنے کی پیشگوئی اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں نومبر کے دوران 188ملین ڈالر کے نئے انفلوز کی اطلاعات سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 23پیسے کی کمی سے 280روپے 02 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

 تاہم اس دوران درآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 03پیسے کی کمی سے 280روپے 22پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 05پیسے کی کمی سے 281روپے 25پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

پاکستان کی 250ملین ڈالر کے پانڈا بانڈز متعارف کرنے کے فیصلے اور ڈالر کی اسمگلنگ کے خلاف مسلسل کریک ڈاون سے طلبگاروں کی ڈیمانڈ محدود رہی۔

Load Next Story