کراچی؛ جیولرز سے طلائی زیورات اور نقدی لوٹنے والا بین الصوبائی ڈکیت گروہ گرفتار

پولیس نے 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کا سونا ، ایک کروڑ نقدی ، 5 نائن ایم ایم پستول ، گولیاں اور ایک کار برآمد کی

کراچی:

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے جیولرز سے طلائی زیورات اور نقدی لوٹنے والے انتہائی مطلوب بین الصوبائی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا

اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے جیولرز سے طلائی زیورات اور نقدی لوٹنے والے انتہائی مطلوب بین الصوبائی ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا، ایس آئی یو پولیس نے مجموعی طور پر گروہ میں شامل 2 خواتین اور 3 زخمی سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ گروہ کا سرغنہ چند روز قبل لیاری ایکسپریس وے پر مقابلے میں مارا جا چکا ہے ، پولیس نے گرفتار گروہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سونا ، ایک کروڑ روپے نقد ، اسلحہ ، گولیاں اور کار برآمد کرلی۔

 گرفتار گروہ کے حوالے سے گزشتہ روز ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ ڈاکٹر محمد عمران خان نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ  ڈسٹرکٹ سینٹرل میں 2 مقدمات درج ہوئے تھے جس میں ایک مقدمہ421 سال 2024 بجرم دفعات 412 ، 395 اور 397 گلبرگ تھانے میں جبکہ دوسرا مقدمہ نمبر 374 سال 2025 بجرم دفعات 395 اور 397 لیاقت آباد تھانے میں درج ہوا تھا جس کی تفتیش ایس آئی یو منتقل کی گئی تھی ۔

گلبرگ تھانے کے مقدمے میں مدعی سے  2950 گرام سونا چھینا گیا تھا جبکہ لیاقت آباد تھانے کے مقدمے میں ڈاکوؤں نے ڈیڑھ کروڑ روپے چھینے تھے ، انھوں نے بتایا کہ ایس آئی یو نے دونوں مقدمات کو حل کرتے ہوئے وارداتوں میں ملوث  بین الصوبائی ڈکیت گروہ کا قلع قمع کیا۔

انھوں ںے بتایا کہ ایس آئی یو پولیس نے ڈکیت گروہ سے 2 کروڑ 30 لاکھ سے زائد کا 608 گرام سونا ، ایک کروڑ روپے نقدی ، 5 نائن ایم ایم پستول ، گولیاں اور ایک آلٹو کار برآمد کی ہے جبکہ گرفتار زخمی ڈاکوؤں کی شناخت عمران ولد سلطان ، عرفان ولد بابر اور سینل ولد سلیم جبکہ دیگر گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت بلال شاہ ولد سچی شاہ ، عرفان ولد غلام مصطفیٰ جبکہ گروہ میں شامل 2 خواتین کنزہ زوجہ عامر اور برخہ کے نام سے کی گئی۔

 ایس ایس پی ڈاکٹر عمران خان نے بتایا کہ اس گینگ ملزمان صوبہ پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں جیولرز کو لوٹ مار اور ڈکیتی کی وراداتوں کا نشانہ بناکر ان سے طلائی زیورات اور نقد رقم چھینتے تھے جو کہ بالخصوص کراچی ، لاہور اور حیدرآباد میں وارداتیں کرتے تھے۔

 گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور ان پر ڈکیتی ، غیر قانونی اسلحے ، موبائل فون چھیننے اور پولیس پر فائرنگ جیسے سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات درج ہیں جبکہ ان کے خلاف فیروز آباد اور گلبرگ تھانے میں بھی مقدمات درج ہیں تاہم ایس آئی یو پولیس کی جانب سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے اور گروہ کے دیگر مطلوب ملزمان کی گرفتاری اور لوٹی گئی بقیہ نقدی اور زیورات کی برآمدگی کے لیے بھی چھاپہ مار کاروائیاں جاری ہیں اور جلد دیگر ساتھی ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا جائیگا ۔

 

Load Next Story