کراچی، کلفٹن میں فلیٹ سے زیورات، نقدی اور اہم فائلوں کی بڑی چوری، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی
شہر قائد کے علاقے کلفٹن میں واقع ایک فلیٹ سے بڑی چوری کا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں نامعلوم افراد قیمتی زیورات، نقدی اور دیگر سامان لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرِ عام پر آ گئی ہے۔
مقدمے کے متن کے مطابق چور فلیٹ سے آئی فون، ڈائمنڈ سیٹ، 80 تولہ سونا، 9 لاکھ روپے نقدی اور اہم فائلیں لے اڑے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو دروازہ توڑ کر فلیٹ میں داخل ہوتے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ایک ملزم کو پی کیپ پہنے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔
مدعی کے مطابق واردات کے وقت گھر کی ماسی اور ڈرائیور فلیٹ میں موجود تھے، اس کے باوجود ملزمان نے بے خوف ہو کر چوری کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے۔