کراچی، کیماڑی میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ سرچ آپریشن، 14 مشتبہ افراد زیرِ حراست

سرچ آپریشن کے دائرہ کار میں شیر شاہ، مدینہ کالونی اور بلدیہ کے علاقے شامل تھے


محمد شاہ میر خان December 23, 2025

کراچی:

شہر قائد کے علاقے کیماڑی کے مختلف مقامات پر پولیس اور رینجرز نے مشترکہ سرچ آپریشن کیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے متاثرہ علاقوں میں داخل ہو کر کارروائیاں انجام دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر کے گھروں کی تلاشی لی گئی۔

آپریشن میں کیماڑی پولیس کی خواتین اہلکار بھی شامل تھیں، جنہوں نے خواتین سے متعلق تلاشی کے عمل میں حصہ لیا۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران بند اور مشکوک مقامات، ہوٹلوں اور چائے کے کھوکھوں کو مکمل طور پر چیک کیا گیا، جبکہ چائے کے ہوٹلوں پر بیٹھے مشکوک افراد کا مجرمانہ ریکارڈ بھی جانچا گیا۔

سرچ آپریشن کے دائرہ کار میں شیر شاہ، مدینہ کالونی اور بلدیہ کے علاقے شامل تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 14 مشتبہ و مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، جن کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق شیر شاہ کے علاقے سے تین جرائم پیشہ ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی۔

گرفتار ملزمان کی شناخت عامر، ریاض اور ماجد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ تمام گرفتار ملزمان کو متعلقہ تھانے منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مقبول خبریں