’صدر، افواج کےاعلی مناصب پر فائز افراد کو تاحیات استثنیٰ ان کے کردار پر دھبہ لگانےکے مترادف ہے‘

جے یو آئی نے تمام مکاتبِ فکر،دینی تنظیموں کے مشاورتی وعملی نمائندہ اجتماع کااعلامیہ جاری کردیا

مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیرِ انتظام تمام مکاتبِ فکر اور دینی تنظیموں کے مشاورتی و عملی نمائندہ اجتماع کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ مجلس اتحاد امت پاکستان کے زیرِ انتظام تمام مکاتبِ فکر اور دینی تنظیموں کا مشاورتی و عملی نمائندہ اجتماع تمام مکاتب فکر کے علماء اور مختلف دینی جماعتوں اور تنظیموں کا یہ اجتماع مندرجہ ذیل امور پر مکمل اتفاق رائے رکھتا ہے: (1) آئین پاکستان دفعہ 277 کی روسے حکومت پر لازم ہے کہ وہ ملکی قوانین کو قرآن وسنت کے مطابق بنائے اور کوئی قانون قرآن و سنت کے خلاف نہ بنائے۔ اس غرض کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنی مکمل سفارشات تیار کی ہوئی ہیں۔

آئین کی رو سے ان کو پارلیمنٹ میں پیش کر کے ان کے سلسلے میں قانون سازی حکومت کی ذمہ داری ہے، لیکن افسوس ہے کہ سالہا سال گذرنے کے باوجود اب تک انہیں پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا گیا۔ یہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ نفاذ شریعت کو اولیت دے اور یہ سفارشات پارلیمنٹ میں پیش کر کے ان کے مطابق قانون سازی کی جائے۔

Load Next Story