خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری، سیاحوں نے بالائی علاقوں کا رخ کرلیا
ملک کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے، برفباری کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا جبکہ کئی رابطہ سڑکیں بھی بند ہوگئیں۔
خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کالام میں 2.5 انچ برفباری ہوئی۔
وادی سوات، کمراٹ، دیر، ایبٹ آباد، گلیات، وادی نیلم، چلاس اور غذر سمیت دیگر علاقوں میں برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔
ادھر سیاحوں نے کالام، مالم جبہ، ٹھنڈیانی، چھانگلہ گلی، ایوبیہ سمیت دیگر سیاحتی علاقوں کا رخ کر لیا۔ لواری ٹنل میں برفباری کے دلکشن مناظر دیکھے گئے، حسین نظارے دیکھنے سیاحوں کی بڑی تعداد امڈ آئی۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 3، مالم جبہ میں منفی 1، دیر اور پارا چنار میں صفر، دروش میں ایک، چترال میں 2، سیدو شریف میں 4، تیمر گرہ اور بالاکوٹ میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 7، کوہاٹ میں 7، بنوں میں 8 اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔