وینزویلا کے تیل پر امریکا کا قبضہ، ٹرمپ کا صدر مادورو کو اقتدار چھوڑنے کا مشورہ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا وینزویلا کے ساحل کے قریب ضبط کیے گئے آئل ٹینکروں میں موجود خام تیل کو یا تو اپنے پاس رکھے گا یا فروخت کر دے گا، جبکہ ضبط شدہ جہازوں کو بھی اپنے کنٹرول میں رکھا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے فلوریڈا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے لیے بہتر ہوگا کہ وہ اقتدار چھوڑ دیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر مادورو سخت رویہ اپناتے رہے تو اس کے نتائج سنگین ہو سکتے ہیں۔
امریکا نے حالیہ دنوں میں وینزویلا کے خلاف بحری ناکہ بندی سخت کرتے ہوئے تیل لے جانے والے دو جہاز ضبط کیے ہیں، جبکہ ایک تیسرے جہاز کا تعاقب بھی جاری ہے۔ واشنگٹن کا دعویٰ ہے کہ وینزویلا تیل کی آمدن کو منشیات، انسانی اسمگلنگ اور دیگر جرائم کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
دوسری جانب وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے امریکی بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کو اپنے ملک کے معاشی اور سماجی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے امریکا پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور بحری قزاقی کا الزام بھی عائد کیا۔
ادھر روس نے وینزویلا کی حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور وینزویلا کے وزیر خارجہ ایوان گل کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں امریکی اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
روس اور چین نے وینزویلا کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی حمایت کی ہے، جس میں امریکا کی کارروائیوں پر غور کیا جائے گا۔ ماہرین کے مطابق امریکا اور وینزویلا کے درمیان بڑھتی کشیدگی خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا سکتی ہے۔