معروف اسپورٹس فوٹوگرافر ساتویں منزل سے گر کر ہلاک
معروف اسپورٹس فوٹوگرافر اور فٹبال شائق مالینا ماریا گولر 27 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق رومانیہ سے تعلق رکھنے والی مقبول اسپورٹس فوٹوگرافر مالینا ماریا گولر کرائے کے ایک اپارٹمنٹ کی ساتویں منزل سے گر کر ہلاک ہوئیں، تاہم ان کی موت کی وجوہات اور حادثے کے بارے میں ابھی تک متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان نہیں آیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گولر کچھ ذاتی مسائل کا سامنا کر رہی تھیں، جن میں ان کے والد کی شدید بیماری اور خود ان کی طویل عرصے سے کینسر سے جنگ شامل تھی۔
اگرچہ یہ معلومات وسیع پیمانے پر دستیاب ہیں، لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق رومانیہ کے فٹ بال کلب ایف سی بیہور اوراڈیا نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے، جس سے وہ 2023 اور 2024 کے سیزن میں پیشہ ورانہ طور پر جڑی ہوئی تھیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایف سی بیہور اوراڈیا کلب مالینا ماریا گولر کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتا ہے۔
فٹبال کلب کے اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ مالینا 2023 اور 2024 کے سیزن میں کلب کے ساتھ وابستہ رہیں، مالینا نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کے ذریعے اس تاریخی سفر کے لمحات اور جذبات کو خوبصورتی سے محفوظ کیا۔