امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے اطالوی اداکار سے شادی کر لی
مشہور امریکی ٹینس اسٹار وینس ولیمز نے اطالوی اداکار اور ماڈل اینڈریا پریٹی سے شادی کر لی۔ شادی کی تقریب پام بیچ، فلوریڈا میں ہوئی جس میں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں نے شرکت کی۔
اس جوڑے کی شادی کی تقریبات 5 روز پام بیچ فلوریڈا میں جاری رہیں اور بعد ازاں 19 دسمبر 2025 کو ایک نجی کورٹ ہاؤس میں قانونی طور پر شادی کی۔
وینس اور اینڈریا پہلی بار 2024 میں ملان فیشن ویک میں ملے تھے جہاں ان کی ملاقات ہوئی اور بعد میں وہ ایک دوسرے کے ساتھ محبت میں مبتلا ہو گئے اور جنوری 2025 میں انہوں نے منگنی کی۔
پام بیچ میں ہونے والی شادی اس جوڑے کی دوسری شادی تھی، پہلے انہوں نے اِٹلی میں ایک تقریب کی تھی مگر فلوریڈا میں قانونی طور پر شادی کے بندھن میں منسلک ہوگئے۔
وینس نے اپنی شادی کو سب سے خوشگوار اور سب سے خوبصورت قرار دیا اور اینڈریا نے کہا کہ فلوریڈا کی رسمی تقریب ان کی زندگی کے سب سے حسین لمحات میں سے ایک ہے۔
وینس کی بڑی بہن سیرینا ولیمز نے بھی شادی پر جذباتی پیغام جاری کیا اور کہا کہ وینس کو اس کے نئے سفر میں خوش و کامیاب دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔
وینس ولیمز 45 سال کی عمر میں بھی اپنا ٹینس کیرئیر جاری رکھنا چاہتی ہیں اور جنوری 2026 میں ہونے والے ڈبلیو ٹی اے ٹور کے ایک اور سیزن میں حصہ لینے کا ارادہ بھی ہے۔