امریکا؛ بزرگوں کے نرسنگ ہوم میں دھماکا، دو ہلاک اور 5 لاپتا

یہ نرسنگ ہوم 174 بستروں پر مشتمل ہے

امریکی پنسلوانیا کے نرسنگ ہوم میں دھماکا؛ 2 افراد ہلاک اور 5 لاپتا

امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر برسٹل ٹاؤن شپ میں فلاڈیلفیا کے قریب واقع ایک نرسنگ ہوم میں زور دار دھماکے میں عمارت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا اور کئی افراد پھنس گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دھماکے کے بعد امدادی سرگرمیاں کئی گھنٹوں تک جاری رہیں۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

پنسلوانیا کے گورنر جوش شاپیرو نے بتایا کہ خوفناک آگ، گیس کی تیز بُو سمیت ایک اور دھماکے کے خدشے کے باوجود رہائشیوں اور عملے کو عمارت سے باہر نکالا گیا۔

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ہاتھوں، جاسوس کتے، بھاری مشینری اور جدید آلات کا استعمال کیا گیا۔

یہ دھماکا اُس وقت ہوا جب گیس کمپنی کے اہلکار ممکنہ لیک کی شکایت پر پہنچے تھے اور ابھی مرمت شروع کی تھی کہ دھماکا ہوگیا۔

یہ نرسنگ ہوم 174 بستروں پر مشتمل ہے اور حال ہی میں سیبر ہیلتھ کیئر گروپ سے منسلک ہوا تھا جبکہ اس کا سابقہ نام سلور لیک ہیلتھ کیئر سینٹر تھا۔

سیبر گروپ نے واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے سے قبل گیس کی بُو کی اطلاع بروقت دی گئی تھی اور وہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔

ریاستی محکمہ صحت کی حالیہ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں ہونے والے معائنے میں نرسنگ ہوم کو کئی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزیوں پر غیر مطابقت یافتہ قرار دیا گیا تھا۔

 

Load Next Story