نجکاری کمیشن بورڈ نے پی آئی اے کے لیے عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے دی جانے والی سب سے زیادہ بولی کی منظوری کی سفارش کر دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نجکاری کمیشن کے مطابق نجکاری کمیشن بورڈ (پی سی بورڈ) کا246 واں اجلاس بدھ کو وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری اور چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی کی زیر صدارت ہوا۔
اجلاس میں بورڈ کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد حصص کے لیے 135 ارب روپے کی بولی دی گئی ہے جس کے لیے 100 ارب ریفرنس پرائس مقرر کی گئی تھی۔
بورڈ نے جائزہ لینے کے بعد اجلاس میں عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے پیش کردہ بولی کی پیشکش کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کی منظوری کے لیے پیش کرنے کی سفارش کردی۔
بورڈ نے بولی کی رقم پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور مالیاتی مشیر اور نجکاری کمیشن کی ٹرانزیکشن ٹیم سمیت لین دین میں شامل تمام اسٹیک ہولڈرز کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔
نجکاری کمیشن بورڈ نے لین دین کو حتمی مرحلے تک پہنچانے میں وزیر اعظم کے مشیر برائے نجکاری کی قیادت کی تعریف کی۔
اعلامیے کے مطابق کابینہ کی نجکاری کمیٹی اب پی آئی اے کیلئے دی گئی سب سے زیادہ بولی کی منظوری دے گی جس کے بعد حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی۔