آسٹریلوی بلے باز الیکس کیری ایڈم گلکرسٹ کا  24 سالہ پرانا ریکارڈ توڑنے کے قریب

گلکرسٹ نے 2001 میں یہ ریکارڈ 870 رنز بنا کر قائم کیا تھا

آسٹریلوی وکٹ کیپر بلے باز الیکس کیری ممکنہ طور پر ایڈم گلکرسٹ کا 24 سال پرانا ٹیسٹ رنز کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

ایشز ٹیسٹ کرکٹ میں الیکس کیری  کو ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز والے وکٹ کیپر بلے باز کا اعزاز اپنے نام کرنے کے لیے مزید 128 رنز درکار ہیں۔

کیری نے اس سال ٹیسٹ کرکٹ میں بہت شاندار بیٹنگ کی ہے اور 15 اننگز میں 743 رنز اسکور کیے ہیں جس میں دو سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل ہیں۔

جاری ایشز سیریز میں بھی کیری نے اپنی کارگردگی برقرار رکھی ہوئی ہے جہاں انہوں نے چار اننگز میں 267 رنز بنائے ہیں اور ان میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں اس شاندار کارکردگی کی وجہ سے ان کو بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔

گلکرسٹ نے 2001 میں یہ ریکارڈ 870 رنز بنا کر قائم کیا تھا جس میں تین سنچریاں اور چار نصف سنچریاں شامل تھیں۔

اب ایشز ٹیسٹ سیریز کے چوتھے مقابلے کے آغاز سے پہلے کیری صرف 128 رنز کے  فرق سے پیچھے ہیں اور اگر وہ یہ کارنامہ انجام دیتے ہیں تو وہ آسٹریلیا کے ایک  کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز بن جائیں گے۔

آسٹریلیا نے اس سیریز میں 3-0 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کر رکھی ہے اور آخری دونوں ٹیسٹ میچز میلبورن اور سڈنی میں کھیلے جائیں گے۔

 

Load Next Story